تمام اداروں کوآئین کے دائرے میں رہ کرکام کرنا چاہیئے؛وزیراعظم
حافظ آباد:وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے تمام اداروں کو آئین کے دائرے میں رہ کر کام اورایک دوسرے کا احترام کرناچاہیے۔
حافظ آباد میں صحت بیمہ کارڈ سکیم کے اجراء کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہاکہ ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں اور عدالتوں کے فیصلوں پران کی روح کے مطابق عملدرآمد کیاگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک کیلئے یہ اہم ہے کہ پارلیمنٹ کے فیصلے قبول کیئے جائیں اوران کا احترام کیاجائے ۔ اگر پارلیمنٹ کا منظور کردہ قانون مسترد کیاجاتا ہے تو یہ عوامی رائے کی تضحیک کے مترادف ہوگا۔
وزیراعظم نے کہاکہ آئندہ سینیٹ انتخابات میں دھاندلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ حکومت نے ملک کو درپیش بڑے چیلنجوں سے عہدہ برا ہوتے ہوئے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کردیا ہے ۔ گزشتہ پانچ سال میں متعدد منصوبے شروع اور مکمل کئے گئے، آج وافرگیس دستیاب ہے اور نئے کنکشن دئے جارہے ہیں ۔
صحت کارڈ اسکیم سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ایک کامیاب اسکیم ہے جس کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیاگیا ہے ۔
اس سے پہلے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ہیلتھ سروسز کی وزیر سائرہ افضل تارڑ نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت ملک کے پسماندہ علاقوں میں علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے ۔