بھارت خواتین کیلئےجہنم بن گیا،دولڑکیوں کی عزت تار تار
اسٹاف رپورٹ
ممبئی : پاکستان ہی نہیں بھارت میں بھی خواتین سے اجتماعی زیادتی کا ایک اور دردناک واقعہ سامنے آ گیا۔ ریاست اترپردیش میں قانون کے رکھوالے بھی عزتوں کے دشمن بن گئے۔ پہلے دو لڑکیوں کی عزت تارتار کی، پھر درخت پر لٹکا کر قتل کر دیا۔ واقعہ کا مقدمہ درج کرکے پولیس افسر سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
کبھی ممبئی نگری میں چلتی بس میں حوا کی بیٹی ہوتی ہے تار تار، تو کبھی دور دراز گاؤں میں کمسن لڑکیاں بنتی ہیں درندوں کا شکار، یہ ہی ہے"شائننگ انڈیا" کا حال، جہاں خواتین کا کوئی پرسان حال نہیں۔ اترپریش کے ضلع بدایوں میں بھی ایسا ہی ہوا جہاں انسانیت شرما گئی۔ چودہ اور پندرہ سال کی لڑکیوں کو اجتماعی درندگی کے بعد درخت پر پھندا لگاکر قتل کر دیا گیا۔
ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا بھی اہل خانہ کے لئے مصیبت بن گیا، پرچہ کٹوانے پر ایک لڑکی کی والدہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ خاندانوں کا الزام ہے کہ قانون کے رکھوالے بھی اس گھناؤنے عمل میں ملوث ہیں، جب کہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
ایشئین سینٹر آف ہیومن رائٹس کے مطابق بھارت میں خواتین محفوظ نہیں اور گزشتہ سالوں کے مقابلے میں زیادتی کے واقعات تین سو چھتیس فیصد تک بڑھ چکے ہیں۔ سماء