تحریک طالبان پاکستان کےسابق ترجمان کیخلاف قانون کےمطابق کارروائی ہوگی
اسلام آباد:وزیرمملکت طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ۔
سینیٹ کے اجلاس میں وزیرمملکت طلال چوہدری نے ایوان میں کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان اور کالعدم جماعت الحرار کے گرفتار کمانڈر احسان اللہ احسان کو معاف نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
طلال چوہدری کے مطابق متعلقہ اداروں کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ احسان اللہ احسان کو معافی نہیں دی جائے گی۔ احسان اللہ احسان کے خلاف ملکی قوانین کے مطابق کارروائی ہوگی۔
وزیر مملکت نے واضح کیا کہ متعلقہ ایجنسی احسان اللہ احسان کو چھپانے کے بجائے اس کیخلاف کارروائی چاہتی ہے،اگرچھپانا ہوتا تو احسان اللہ کی ویڈیو ہرگز پبلک نہ کی جاتی۔ ویڈیو اسلیے پبلک کی گئی تا کہ عوام اس کا اعتراف دیکھ لیں۔ یہ اقدام واضح کرتا ہے کہ ایجنسی اس کیخلاف کارروائی چاہتی ہے۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ احسان اللہ احسان نے انٹیلیجنس ایجنسی کے پاس خود جا کر ہتھیار ڈالے تھے، وہی مزید تفصیلات واضح کرسکتی ہے۔ اگر ایوان کہے تو اس حوالے سے تفصیلات مانگی جا سکتی ہیں۔ اجلاس پیر کی شام 4 تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔
واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے گزشتہ سال ہتھیار ڈال کر خود کو خفیہ ادارے کے حوالے کیا تھا۔