کراچی میں پی ایس ایل کا رنگ جمے گا؟

انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کے قریب۔۔ شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں تیز۔۔کراچی میں پی ایس ایل فائنل کی آخری رکاوٹ بھی دور ہونے کی امیدروشن ہوگئی۔۔ پاکستان سپر لیگ تھری فائنل کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے انٹرنیشنل سکیورٹی فرم سے وابستہ رگ ڈیکاسن نے کراچی کا دورہ کیا ۔۔ رگ ڈیکاسن نے ائیرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے نیشنل اسٹیڈیم تک سکیورٹی کےتمام انتظامات کا جائزہ لیا ۔۔ ریگ ڈیکاسن کی موجودگی میں سکیورٹی اہلکاروں نے شاندار سیکورٹی انتظامات کیے۔ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے نیشنل اسٹیڈیم تک سکیورٹی کی فل ڈریس ریہرسل کے لیے منتظمین کو سندھ حکومت کا بھر پور تعاون حاصل ہے۔


غیر ملکی سیکیورٹی وفد کے کراچی آنے پر سکیورٹی اداروں نے بھی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کابھر پور مظاہرہ کیا ۔۔ نیشنل اسٹیڈیم میں سیکیورٹی فورسز نے جدید کنٹرول روم قائم کیا ہے۔۔ اسٹیڈیم اور اطراف میں اسی (80) کیمرے نصب کیے گئے ہیں جس میں نائٹ ویژن کیمرے بھی شامل ہیں جو اندھیرے میں بھی ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں جدید کیمروں کےذریعے اسٹیدیم میں بیٹھے ہر شخص اور باہر سے گزرتی ایک ایک گاڑی کو مانیٹر کیا جائے گا۔

سکیورٹی کے ساتھ ساتھ پہلی مرتبہ پی ایس ایل فائنل کے لئے ا سٹیڈیم میں چھ بستروں کا عارضی اسپتال بھی قائم کیا جائے گا۔۔۔ عارضی اسپتال میں تمام بنیادی سہولیات، ادویات، اوزار ، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف موجود ہوں گے جبکہ پینتیس ایمبولینسیں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے ساتھ اسٹیڈیم میں موجود رہیں گے۔ سندھ حکومت اور پی سی بی کے عہدیداران نے غیرملکی سیکورٹی ماہرین کو پی ایس ایل فائنل کے لئے سکیورٹی کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی اور اسٹیڈیم کا دورہ بھی کرایا، ساتھ ساتھ سکیورٹی فورسز کے اہلکارروں نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کےلئے عملی مشقیں بھی کیں۔ سیکیورٹی کا جائزہ لینے والے غیرملکی وفد نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لئے کیے جانے والے سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ۔۔

۔غیرملکی سیکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن کا کہنا تھا کہ مختلف سیکورٹی ایجنسیز نے بریفنگ دی جب کہ کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کے لئے سیکیورٹی انتظامات حوصلہ افزا ہیں۔وہ پی ایس ایل کے لیے کیے جانے والے بین الاقوامی معیار کے سیکورٹی انتظامات سے سو فیصد مطمئن ہیں۔ اس حوالے سے رپورٹ جلد پیش کر دی جائے گی۔۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) سے منسلک ریگ ڈیکاسن چند روز میں سیکورٹی انتظامات سے متعلق اپنی رپورٹ آئی سی سی کو بھیجیں گے۔
پی ایس ایل فائنل کے لئے حکومت سندھ اور سیکیورٹی فورسز نے جس قسم کے اقدامات کئے ہیں اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ سیکیورٹی کے اقدامات نے ثابت کردیا کہ پی سی بی اور حکومت سندھ کراچی میں فائنل کرانے کے لئے کس قدر سنجیدہ ہیں گیند اب آئی سی سی کے کورٹ میں ہے کہ وہ پاکستانی حکومت اور پی سی بی کےغیرمعمولی سکیورٹی انتظامات کواہمیت دے۔۔ اور غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان کے دورے کی بخوشی اجازت دے تاکہ بے چینی سے منتظر کراچی کے شائقین کرکٹ کو اپنے پسندیدہ اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع مل سکے اور پرامن کراچی میں کرکٹ کا خوب رنگ جمے۔ سماء