لودھراں شکست پرابتدائی رپورٹ عمران خان کوپیش
اسلام آباد:حلقہ این اے 154 لودھراں کے ضمني اليکشن میں پی ٹی آئی کی شکست کی وجوہات پرابتدائي رپورٹ عمران خان کو پيش کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ووٹرز کو گھروں سے نکالنے کے بجائے ذمہ داران نمود نمائش ميں لگے رہے۔
لودھراں کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کی شکست پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے ذمہ داران پر برہمی کا اظہار کیا۔ عمران خان کو تشویش تھی کہ اپنی مضبوط ترین نشست کیسے ہار گئے۔
شکست کی وجوہات طلب کرنے پر عمران خان کو اس حوالے سے ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق پارٹی ذمہ داران اپنی اپنی سطح پر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اورووٹرز کو نکالنے کی بجائے ذمہ داران نمود نمائش تک محدود رہے۔
ابتدائی رپورٹ میں عمران خان کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت صرف لیڈرشپ کے پروٹوکول میں مصروف رہی جبکہ حکومتی حلقوں کی جانب سے بھی حلقے میں ضابطہ کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔
واضح رہے کہ این اے 154 کی نشست حنیف عباسی کی درخواست پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت جہانگیر ترین کی نااہلی سے خالی ہوئی تھی۔ جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے اس نشست پر ضمنی انتخاب لڑا اور مسلم لیگ ن نے پاکستان تحریک انصاف سے یہ نشست چھین لی۔ ن لیگ کے پیر اقبال شاہ نے ایک لاکھ 13 ہزار 228 ووٹ حاصل کئے جبکہ علی ترین 85 ہزار 690 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پررہے۔