پاکستان نے امریکا کے تعاون سے ملک میں مطالعہ پروگرام شروع کردیا
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : پاکستان نے امریکا کے تعاون سے ملک بھر میں پاکستان مطالعہ پروگرام شروع کردیا، مطالعاتی تعلیم کے 5 سالہ منصوبے کیلئے 16 کروڑ ڈالر امدادی دی جائے گی۔
امریکی سفیر رچرڈ اولسن، خواتین کے عالمی امور کی سفیر کیتھرائن رسل اور وزیر مملکت تعلیم و تربیت بلیغ الرحمان چک شہزاد میں ماڈل اسکول میں والدین اور اساتذہ کے ہمراہ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا اور بچوں کے ہمراہ کتابوں کا مطالعہ کیا۔
امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مطالعاتی صلاحیتیں بڑھانے منصوبے کیلئے امداد یو ایس ایڈ کے ذریعے دی جائے گی، پروگرام کے تحت ملک بھر میں 32 لاکھ بچوں اور 94 ہزار اساتذہ کو صلاحیتیں بڑھانے کا موقع ملے گا جبکہ تربیت کیلئے 6 ہزار ٹیچرز کو اسکالر شپس دی جائیں گی۔
امریکی سفیر رچرڈ اولسن کا کہنا ہے کہ پاکستان مطالعاتی پروگرام ملک کے لاکھوں بچوں کی پڑھنے کی صلاحیت میں اضافے کیلئے بہترین موقع فراہم کرے گا، ہمیں امید ہے کہ اس کے ذریعے قومی سطح پر کلاس رومز، گھروں اور برادریوں میں معالطے کا شوق پیدا ہوگا۔
کیتھرائن رسل نے اس موقع پر کہا کہ امریکا لڑکیوں کی تعلیم کیلئے ترقیاتی سرمایہ کاری بھی کرے گا جس سے انہیں مستقبل میں عملی زندگی میں فائدہ ہوگا۔
پاکستان مطالعاتی پروگرام ملک کے 67 اضلاع میں پرائمری اسکول کی سطح پر معیاری تعلیمی نظام بنانے میں مدد دے گا، اس سے اساتذہ کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ سماء