ثابت ہوگیا مسئلہ ایم کیو ایم پاکستان پر قبضے کا تھا، فاروق ستار

کراچی : ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں کہ سازش بے نقاب ہوگئی، ثابت ہوگیا مسئلہ فرد کا نہیں ایم کیو ایم پاکستان پر قبضے کا تھا، آج ایم کیو ایم حقیقی ٹو کی بنیاد رکھ دی گئی، ایم کیو ایم سے مجھے نہیں وفادار کارکن کو نکالا گیا، شہداء کے خون اور اسیروں و کارکنوں کی قربانیوں کا سودا کیا گیا، اصل فیصلہ جنرل ورکرز اجلاس میں کارکناں کریں گے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کے الزامات کا جواب دے دیا، اپنے گھر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے فیصلے سے سازش بے نقاب ہوگئی، بالآخر میرے نادان دوستوں نے ثابت کردیا کہ مسئلہ فرد کا نہیں بلکہ ایم کیو ایم پاکستان پر قبضے کا تھا، بلی تھیلے سے باہر آگئی، ایم کیو ایم حقیقی ٹو کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، آج ایم کیو ایم سے مجھے نہیں وفادار کارکن کو نکالا گیا۔

مزید جانیے : لیڈراختیارنہیں،اعتماد مانگتا ہے؛خالد مقبول

وہ بولے کہ ایک سیٹ کا مسئلہ نہیں تھا، تمام سیٹوں پر اپنے من پسند لوگوں کو نامزد کرنے کا تھا، میں نے اتنی غلطیاں کی تھیں تو سینیٹ انتخابات کا بھی انتظار نہ کرتے، کہا گیا ہم میں سے کسی کو کنوینر نہیں بننا، اب انہی میں سے کوئی کنوینر بنے گا، ثابت ہوگیا کل کے آنسو مگر مچھ کے آنسو تھے، ایم کیو ایم پاکستان کے جنرل ورکرز کا اجلاس، جنرل اسمبلی کا اجلاس اور عدالت ہوگی، وہ ہی فیصلہ دے گا، تمام کارکنان پی آئی بی پہنچیں۔

تفصیلات جانیے : ڈاکٹر فاروق ستار کنوینر کے عہدے سے فارغ

فاروق ستار نے کہا کہ میں یہ نہیں بولوں گا پر ازراہ مذاق کہتا ہوں کہ مجھے کیوں نکالا، آج مجھے نہیں ایم کیو ایم پاکستان کے ایک ایک کارکن کو نکالا گیا ہے، کارکنوں، شہیدوں، اسیروں اور لاپتہ ساتھیوں کی قربانیوں سے انحراف کیا گیا ہے،  شہیدوں کے خون اور کارکنوں کی قربانیوں کا سودا کیا گیا، ایک طرف سازش کے تانے بانے بنے جارہے تھے اور دوسری طرف مصالحت کے دعوے کئے گئے جو سب جھوٹے تھے۔

انہوں نے شعر پڑھا ’’دیکھا جو تیر کھا کے کمیں گاہ کی طرف، اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہوگئی۔ ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کی کنوینر شپ سے فارغ کئے گئے فاروق ستار نے کہا کہ پوری چارج شیٹ کا ایک جواب سن لیں، فاروق ستار ایم کیو ایم پاکستان کے مفاد پرست لوگوں کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ تھا، کراچی پر قبضوں اور کراچی کو بیچنے میں سب سے بڑی رکاوٹ تھا۔

مزید جانیے : رابطہ کمیٹی کا خط کام کرگیا؛فاروق ستار ہاتھ ملتے رہ گئے

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کے ساتھ برادران یوسف والا سلوک ہوا، مکافات عمل ہوگا اور تمہارا انجام بھی برادران یوسف جیسا ہی ہوگا، فاروق ستار اگر اتنا ہی بااختیار تھا تو کیسے رابطہ کمیٹی کے خفیہ اجلاس ہوگئے، بالا ہی بالا فیصلے کئے گئے، اگر تمہارا سربراہ بااختیار ہوتا تو کیا اس طرح سازش کرکے نکالا جاسکتا تھا، جو کارکنان اقرباء پروری، مفاد پرستی اور کرپشن کیخلاف، اسیروں، شہداء اور عوام کے ساتھ ہیں وہ پی آئی بی چلیں۔ سماء

rabita committee

coordination committee

FAROOQ SATTAR

MQM-P

MQMP

Muttahida Qaumi Movement-Pakistan

Tabool ads will show in this div