نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف فل ڈریس ریہرسل
کراچی : پاکستان سپر لیگ فائنل کی تیاریوں کیلئے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دوسرے روز بھی فل ڈریس ریہرسل جاری رہے، جب کہ اسٹیڈیم کو آنے جانے والے راستے اس موقع پر بند رہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچي کے نيشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ فائنل کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں، جہاں اطراف کے راستے بند کر دیئے گئے۔ سوک سینٹر، ڈالمیاں، کارساز اور نیو ٹاؤن سے اسٹیڈیم آنے والے راستوں کو سیکیورٹی تیاریوں کی ریرہرسل کے باعث بند کیا گیا۔
سیکیورٹی تیاریوں میں پولیس، آرمی اور رینجرز کے ہزاروں جوان اسٹیڈیم اور اطراف میں تعینات کیے گئے۔ اسپیشل برانچ کے اہلکار نے لسٹوں میں درج نام کے افراد کو دوسری جانب جانے دیا۔ مکمل سیکیورٹی جائزے کے بعد غیر ملکی ماہر ریگ ڈیکاسن اپنی رپورٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھیجیں گے ۔
اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ نے بھی نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا۔ پی ایس ایل فائنل کیلئے اسٹیڈیم کی نگرانی کیلئے ماسٹر کنٹرول روم بھی تیار کرلیا گیا، جہاں 80 کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جو 24 گھنٹے سیکیورٹيی کا کام انجام دیں گے۔

کسی بھی ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کیلئے محکمہ داخلہ نے سیکریٹری صحت سندھ اور ڈائریکٹر جناح اسپتال کو نیشنل اسٹیڈیم میں چھ بستروں کے عارضی اسپتال قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عارضی اسپتال میں تمام بنیادی سہولیات، ادویات، اوزار ، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف موجود ہوں جبکہ 35 ایمبولینسیں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے ساتھ اسٹیڈیم میں موجود رہیں۔ سماء