ووٹ خرید کر سینیٹر بننے والا عوام کی نمائندگی نہیں کرسکتا
میانوالی : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہمارے منصوبے دعوے نہیں عملی ہیں، ن لیگ آئندہ بھی ملک میں ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔ سینیٹ انتخابات سے قبل سیاسی ہلچل پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ووٹ خرید کر آنے والے سینیٹرز کا مقابلہ کریں گے، ووٹ خرید کر سینیٹر بننے والا عوام کی نمائندگی نہیں کرسکتا۔
عمران خان کے آبائی علاقے میانوالی میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بڑے اجتماع سے خطاب کا آغاز ن لیگی حکومت کے قصیدے پڑھنے سے کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ن لیگی حکومت صوبے میں بڑا گیس کا منصوبہ لگا رہی ہے، یہ منصوبہ پنجاب کا سب سے بڑا گیس منصوبہ ہے، ہمارے منصوبے دعوے نہیں عملی ہیں، ہم نے عوام سے جو وعدہ کیا، اسے پورا کیا، عوام کو بنیادی حقوق اسی دور حکومت میں ملے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سال 2013میں عوام کے فیصلے کے اثرات آج نظر آرہے ہیں، ہماری حکومت نے مشکل حالات میں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے، ن لیگ کی حکومت آئی تو پنجاب میں گیس نہیں تھی،ن لیگ آئندہ بھی ملک میں ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔
،شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ ہمیں لوٹ کھسوٹ کی سیاست ختم کرنی ہے، ووٹ خرید کر آنے والے سینیٹرز کا مقابلہ کریں ووٹ خرید کر سینیٹر بننے والا عوام کی نمائندگی نہیں کرسکتا، 2013میں کارخانے بند تھے، ملازمین پریشان تھے، کے پی میں4 سال گزر گئے، کوئی بجلی کا منصوبہ نہیں لگا، مگر ن لیگ کی حکومت نے عوامی سیاست کی اور عوامی مسائل کو حل کیا۔ سماء