چیف جسٹس نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو طلب کرلیا
لاہور: آلودہ پاني کيس ميں سندھ کے بعد پنجاب کےوزيراعلیٰ کي بھی باري آگئي۔ دریائے راوی میں آلودہ پانی سے متعلق کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیوں نہ وزیراعلیٰ پنجاب کوطلب کرلیں۔ آج نہیں توکل آجائیں ۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں دریائے راوی میں آلودہ پانی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت عدالتي معاون نے بتايا کہ پانچ سو چاليس ملين گيلن آلودہ پاني دريائے راوي ميں جاتا ہےجس پر چيف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ يہ توبہت زيادہ ہے۔ کيوں نہ وزيراعلیٰ پنجاب کو بلاليں۔
چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری پنجاب کو وزيراعلیٰ شہباز شریف سےرابطہ کرنے کي ہدايت کردي۔ ریمارکس دیے کہ اس معاملےپر وزيراعليِ سندھ کوبھي بلاياتھا۔ پتہ کريں وزيراعلیٰ پنجاب کب آسکتے ہيں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آج نہیں تو وزیراعلیٰ کل آجائیں،اگر نہ آنا چاہیں تو یہ ان کا استحقاق ہے۔ ریمارکس دیے کہ اگر شہباز شریف نہ آناچاہیں تو کچھ اور آرڈر کرنا ہو گا۔
سماعت میں چائے کے وقفہ کے بعد چیف سیکرٹری وزیر اعلیٰ سے رابطے کے لیے کمرہ عدالت سے باہر آگئے۔