مشال قتل کیس: ملزمان کی بریت کا فیصلہ چیلنج کرنیکا اعلان
پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے مشال خان قتل کیس میں بری 26 ملزمان کیخلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، شوکت یوسفزئی کہتے ہیں اے ٹی سی کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
نمائندہ سماء کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے مشال خان قتل کیس میں 26 ملزمان کی بریت کے فیصلے کیخلاف اپیل کرنے کا اعلان کردیا، شاہ فرمان کہتے ہیں اے ٹی سی فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے، بری ملزمان کو بھی سزا ملنی چاہئے۔
مزید جانیے : مشال خان قتل کیس، عدالت کا بڑا فیصلہ،1مجرم کو سزائے موت
صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے سماء سے گفتگو میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں تھوڑی جلدی ہوئی ہے، مزید تحقیقات ہونی چاہئے تھی، تعلیمی اداروں میں ایسا رویہ اپنانا انتہائی خطرناک ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بے گناہ کو سزا نہ ہو لیکن گناہ گار کو سزا ضرور ملنی چاہئے۔
وہ بولے کہ عدالتی فیصلہ چیلنج کریں گے، حقیقی ملزمان کو سزا اور متاثرین کو انصاف ملنا چاہئے تاکہ آئندہ ایسا کرنے کی کسی میں جرأت اور ایسے حالات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تفصیلات جانیے : ایمل خان کی ایک بار پھر مشال کے مفرور قاتل کی گرفتاری کا مطالبہ
شوکت یوسفزئی نے ایک سوال پر کہا کہ مفرور ملزمان کیخلاف وارنٹ جاری ہوچکے ہیں، ہماری معلومات کے مطابق وہ پاکستان میں نہیں ہیں، بدقسمتی سے لوگ فاٹا کے راستے فرار ہوجاتے ہیں، ہمیں اس حوالے سے مشکلات ہیں۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے مشال خان قتل کیس میں ایک شخص کو سزائے موت اور 5 مجرمان کو 25، 25 سال قید کی سزا سنائی ہے جبکہ 26 ملزمان کو بری کردیا گیا ہے۔ سماء