امریکی ایوان نمائندگان میں براک اوباما کیخلاف مواخذے کا مقدمہ قائم کرنیکی قرار داد منظور
اسٹاف رپورٹ
نیویارک : امریکی ایوان نمائندگان میں صدر براک اوباما کیخلاف مواخذے کا مقدمہ قائم کرنے کیلئے قرارداد منظور کرلی گئی، قرار داد کے حق میں 225 اور مخالفت میں 201 ووٹ ڈالے گئے۔
امریکا کے صدر براک اوباما مواخذے کی مشکل میں پڑگئے، ایوان نمائندگان میں ایک قرار داد منظور ہوگئی، قرار داد میں اسپیکر جان بوئیہنرکو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اختیارات سے تجاوز کرنے پر صدر کے خلاف مواخذے کا مقدمہ قائم کرسکتے ہیں۔
قرار داد 201 کے مقابلے میں 225 ووٹوں سے منظورکی گئی، اس کے تحت ایوان کے وکلاء مواخذے کا مقدمہ چلانے کیلئے قانونی دستاویزات پر کام شروع کردیں گے۔
قرار داد میں کہا گیا ہے کہ صدر براک اوباما نے صحت کے قانون کے ضمن میں اختیارات سے تجاوز کیا تاہم امریکی صدر نے قرار داد کو سیاسی شعبدہ قرار دے کر مسترد کردیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ کانگریس جب کچھ نہیں کرتی تو حکومت کام کرتی ہے۔ سماء