اسرائیلی درندگی سے غزہ میں سب سے زیادہ بچے متاثر
اسٹاف رپورٹ
غزہ : غزہ پر اسرائیلی جارحیت سے بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، پھولوں جیسے جسم تو زخموں سے چور ہیں، معصوم ذہن بری طرح متاثر ہیں، کہیں والدین لخت جگر کی جدائی میں تڑپ رہے ہیں تو کہیں بچوں کے سر پر والدین کا سایہ نہیں رہا۔
صہیونی درندگی، ظلم، بربریت سے غزہ کے کلیوں جیسے جسم زخم زخم ہيں، شفا اسپتال اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے والے معصوم بچوں سے بھرا ہے، کسی کے ہاتھ پاؤں پلاسٹر میں تو کسی کا چہرہ جھلسا ہوا ہے۔
اسرائیلی جارحیت سے بچوں کو لگنے والے زخموں نے ذہنوں پر بھی سنگين اثرات مرتب کئے ہيں، جس کا اندازہ لگانا ممکن نہيں۔
فلسطین کی 11 سالہ معصوم یاسمین گھر پر ہونیوالے راکٹ حملے میں بچ گئی لیکن سر پر ماں کا سایہ رہا نہ باپ کا، بہن بھائی بھی شہید ہوگئے۔
زخموں سے چور 18 ماہ کے محمد وحدان کی خوش نصیبی کہیں یا بدنصیبی جو پناہ گزین کیمپ پر حملے میں زندہ بچ گیا، لیکن ماں سمیت خاندان کے 12 لوگ شہادت کا رتبہ پاگئے۔
زخميوں کے علاج کيلئے ترک حکام آگے بڑھ گئے ہيں اور انہيں ترکی منتقل کرنے کيلئے بات چيت جاری ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی کارروائی میں 419 بچے جاں بحق ہوئے جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں۔ سماء