میمو گیٹ،چیف جسٹس نے حسین حقانی کو طلب کرلیا
اسلام آباد : سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس ميں ميمو گيٹ کي بازگشت ہوئي۔ چيف جسٹس نے ريمارکس ديئے کہ کئی لوگ پاکستان میں کیس چھوڑ کر چلے گئے ہیں اور واپس نہیں آئے، حسین حقانی کہاں ہیں؟؟ کیوں نا حسين حقاني کو میموگیٹ میں نوٹس کرديں۔
سپریم کورٹ میں آج ہونے والے بیرون ملک مقیم پاکستان کےووٹ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے میمو گیٹ اسکینڈل کیس کی فائل طلب کرلی۔
اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایک ایسے پاکستانی بھی ہیں جو عدالت سے وعدہ کرکے واپس نہیں آئے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ حسین حقانی کہاں ہے، کیا انہیں بھی ووٹ ڈالنے کی سہولت ملے گی، کیوں نا حسین حقانی کو نوٹس کرکے بلالیں؟، یہاں آکر وہ میمو گیٹ کو فیس کریں۔ چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس سے میموگیٹ اسکینڈل کیس کی فائل طلب کرلی۔
واضح رہے کہ حسین حقانی جب امریکہ میں پاکستان کے سفیر تھے تو اس وقت ان کے خلاف میمو گیٹ سکینڈل سامنے آیا تھا ، ان کے خلاف سپریم کورٹ میں کیس چل رہا تھا تاہم وہ جنوری 2012میں تحریری یقین دہانی کرانے کے بعد بیرون ملک گئے اور دوبارہ واپس نہیں آئے۔
سابق سفیر حسین حقانی آج کل امریکا میں ہی مقیم ہیں اور پاکستان کے خلاف لابنگ میں کافی متحرک نظر آتے ہیں، وہ گاہے بگاہے مختلف امریکی ٹی وی چینلز پر اپنے انٹرویوز کے دوران پاکستان مخالف پراپیگنڈا کرتے نظر آتے ہیں، جب کہ بلوچ علیحدگی پسندوں کی بھی کھل کر حمایت کرتے ہیں۔ سماء