انڈر19ورلڈ کپ،افغانستان نے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھ لیا
کرائسٹ چرچ : انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے انڈر 19 کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جیک ایڈورڈ کے 72رنز کی بدولت 38 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف باآسانی حاصل کرکے فائنل میں اپنی جگہ بنا لی۔
افغانستان کے قیس احمد نے 10 اوور میں 35 رنز دے کر 2وکٹ حاصل کیے۔ میچ میں افغانستان انڈر 19ٹیم نےپہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 48اوورز میں 181رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔ اکرام علی80 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے کامیاب ترین بولر مرلو رہے،انہوں نے 10 اوور میں 24 رنز کے عوض 4 افغان بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل کل روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلا جائے گا جس کی فاتح ٹیم ٹائٹل کے حصول کے لیے 3 فروری کو فائنل میں آسٹریلیا سے نبرد آزما ہوگی۔ سماء