نانگا پربت آپریشن،فرانسیسی خاتون کو بچا لیا گیا،پولش کوہ پیما لاپتا
گلگت بلتستان : نانگا پربت پر پھنسی فرانسیسی کوہ پیما کو ریسکیو آپریشن میں بچا لیا گیا، کوہ پیماؤں کی پولش ٹیم کا کہناہے کہ چوٹی پر پھنسے پولش کوہ پیما کا کوئی پتا نہیں چل سکا۔ شدید سردی اور دشوار موسم کے باعث پولش کوہ پیما کی مزید تلاش ختم کر دی گئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پولش کوہ پیما ٹیم کا کہنا ہے کہ تلاش سے ریسکیو ٹیم کی جانیں شدید خطرے میں پڑسکتی ہیں۔پولش کوہ پیما کی تلاش ختم کرنے کادردناک فیصلہ کیا گیا۔
پاکستانی حکام کے مطابق پاکستانی فوجی ہیلی کاپٹرزنے6700میٹرکی بلندی پرالزبتھ کو ڈھونڈ لیا۔ ریسکیو ٹیم کے دو ارکان نے6700 کی بلندی پرچڑھ کر فرانسیسی کوہ پیما الزبتھ ریوول کو ریسکیوکیا۔ موسم بہتر رہا تو الزبتھ کو آج اسکردو پہنچا دیا جائے گا۔ غیر ملکی کوہ پیماؤں کو نکالنے کے لئے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز نے کل آپریشن شروع کیا تھا اور پولش کوہ پیماٹیم کو نا نگا پربت پہنچایا تھا۔
خراب موسم اور برفانی ہواؤں کے باعث دو غیر ملکی کوہ پیما نانگا پربت میں 7 ہزار 400 میٹر کی بلندی پر پھنس گئے تھے ۔ دونوں کوہ پیماؤں نے سیٹلائٹ فون کے ذریعے مدد کا پیغام بھیجا تھا۔
ایک کوہ پیما کی بینائی متاثر ہوئی جبکہ دوسرے کوہ پیما کے ہاتھوں اور پاؤں کی انگلیاں فراسٹ بائیٹ کا شکار ہوئی تھیں۔ سماء