ڈاکٹر شاہد مسعود کا دعویٰ پنجاب حکومت نے بھی مسترد کردیا
لاہور: پنجاب حکومت نے ملزم عمران سے متعلق ڈاکٹر شاہد مسعود کا دعویٰ بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود کی جانب سے 37 اکاؤنٹس والی بات بے بنیاد من گھڑت تھی اور اس تناظر میں اسٹیٹ بینک کی طرف سے بھی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ دروغ گوئی نے پوری قوم کو ہیجان کی کیفیت میں مبتلا کیا اور یہ اصل تفتیش کا رخ موڑنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں پر الزام لگایا وہ ہتک عزت کا دعویٰ کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے؛ شاہدمسعودکادعوی غلط،زینب کےقاتل کاکوئی بینک اکاؤنٹ نہیں
یہ بھی پڑھیے؛ زینب قتل ازخود نوٹس کیس؛شاہدمسعود طلب
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ سپریم کورٹ اس خبر پر سو موٹو نوٹس لے چکی اور اس وقت اکاؤنٹس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ اس خبر پر جو بھی فیصلہ ہوگا سپریم کورٹ کرے گی۔ سپریم کورٹ نے کہا اس دعوے کے سنگین نتائج ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود کو جے آئی کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا لیکن پیش نہیں ہوئے۔
واضح رہے کہ سینیئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے گزشتہ دنوں زینب قتل کیس میں گرفتار ملزم عمران علی سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ ملزم کے 35 غیر ملکی اکاونٹس ہیں اور وہ ایک مافیا کا بھی حصہ ہے۔
اس سے قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنی رپورٹ میں تصدیق کی تھی کہ ملزم عمران کا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں۔ اسٹیٹ بینک کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ایف آئی اے نے بھی تصدیق کردی ہے۔ سماء