یہ کیساانصاف ہےکہ بچیوں کیساتھ زیادتی ہواورتالیاں بجوائی جائیں
اسلام آباد : شہباز شريف کي پريس کانفرنس ميں تالياں بجنے پر قومي اسمبلي ميں قائدِ حزبِ اختلاف خورشيد شاہ پھٹ پڑے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ صوبہ پنجاب ميں زيادتي کے گيارہ سو سے زائد واقعات پيش آئے۔ وزيراعليٰ پنجاب اُن پر کب تالياں بجوائيں گے۔
منگل کے روز پریس کانفرنس کے دوران تالیاں بجانے پر خورشید شاہ نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سیاستدان نہیں مداری ہے، تالیاں بجوا کر زینب کے والدین کے زخموں پر نمک چھڑکا گیا۔ شہباز شریف خود کو سیاستدان کہتا ہے، انہیں شرم آنی چاہیے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ شہباز شریف کو اخلاقیات کا کچھ پتا نہیں، مکروہ اورغلیظ لوگوں کوعبرت ناک سزا دی جانی چاہیے۔ شہباز شریف ناکام ترین وزیراعٰلی ہے۔

خورشید شاہ کی تقریر کے دوران ایوان میں شیم شیم کے نعرے بھی لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کے ساتھ زیادتی پر شہباز شریف تالیاں بجواتے ہیں، اس پارلیمنٹ کو اس بات پر غور کرنا چاہئیے، ہم کسی صوبے یا جماعت کی طرف سے نہیں اس بات پر آواز اٹھا رہے، اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر بولیں، یہ موقع مبارک لینے یا تالیاں بجانے کا نہیں تھا، پارلیمنٹ جہاں دیگر مسائل پر مذمت کرتی ہے اور قرار داد لاتی ہے، تو اگر ہم میں انسانیت ہے تو اس کی کچھ تو مذمت کریں اور قرار داد لائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے عمل سے بہت دل آزاری ہوئی ہے، شہباز شریف کو معافی مانگنی چاہئے اور بیان دینا چاہیئے کہ میں اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں، انہیں تو اپنے رب کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ رب تو نے مجھے اتنی ہمت دی کہ ایسے ملزم کو پکڑا، مگر انہوں نے تالیاں بجوائیں۔ سماء