لاہور مال روڈ دھرنا،پنجاب بھر سے رینجرز طلب
لاہور : لاہورمیں متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے پیش نظر پنجاب حکومت نے دھرنے کے دوران رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رینجرز کو پنجاب اسمبلی، گورنر ہاؤس اور حساس مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مال روڈ اور جی پی او چوک پر دھرنے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے سخت انتطامات کیے گئے ہیں۔ لاہور میں احتجاج اور جلسے کے پیش نظر پنجاب یونیورسٹی اولڈ کیمپس ، جی سی یونی ورسٹی اور مال روڈ کے اطراف کے چھ نجی اسکولوں کو آج بند رکھا گیا ہے۔
اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے، جب کہ دھرنے اور جلسے کے اطراف کی مارکیٹس اور دکانیں بھی آج بند رہیں گی۔
پولیس کے ساتھ ساتھ پیرا ملٹری فورسز بھی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی، حکامتی نمائندے کے مطابق دھرنے اور جلسے اور حساس مقامات کی سیکیورٹی کیلئے پنجاب بھر سے رینجرز اہل کاروں کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد ڈاکٹر طاہرالقادری نے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کیے تھے جس کے نتیجے میں حکومت کے خلاف ایک گرینڈ اپوزیشن الائنس بنایا گیا ہے۔ سماء