زینب قتل : صبا قمر وزیر قانون رانا ثناء پر برس پڑیں
لاہور : پاکستان فلم اور ٹی وی کی مشہور اداکارہ صبا قمر بھی زینب قتل پر بول پڑیں، کہتی ہیں کہ افسوسناک واقعے کے بعد سے شدید صدمے میں ہوں، اپنی تمام مصروفیات ترک کر کے خود کو گھر تک محدود کرلیا ہے۔
سماء سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے معروف اداکارہ صباء قمر نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قصور میں زیادتی کے بعد زینب کے قتل پر شدید صدمہ ہوا، میری یہ حالت ہے کہ کپڑے تبدیل کئے اور نہ ہی منہ ہاتھ دھویا، تمام مصروفیات ترک کر کے خود کو گھر تک محدود کرلیا ہے۔
بھارتی فلم میں عرفان خان کے ساتھ کام کرنیوالی پاکستانی اداکارہ وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور احساسات سے عاری تبصرے پر برس پڑیں۔
قصور میں 7 سالہ زینب کو اغواء کے بعد زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کردیا گیا تھا، کمسن بچی کی لاش سڑک کنارے کچرے کے ڈھیر سے ملی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی اور اس پر تشدد کی تصدیق ہوگئی جبکہ ڈی این اے حاصل کرکے ملزم کی تلاش بھی شروع کردی گئی ہے۔
افسوسناک واقعے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار، سیاستدان، سماجی و مذہبی رہنماؤں، کھلاڑیوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ سماء