سپریم کورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھانے کا بل منظور

اسلام آباد : قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ کار وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) تک بڑھانے کا بل منظور کثرت رائے سے کرلیا۔

قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر نے قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کی قبائلی علاقوں تک توسیع کے بل پر رپورٹ ایوان میں پیش کی، سید خورشید شاہ اور سید نوید قمر نے کہا کہ یہاں بل میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا ذکر تھا، کمیٹی نے پشاور ہائی کورٹ میں تبدیل کردیا۔

وزیر قانون محمود بشیر ورک نے تحریک پیش کی کہ سپریم کورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کے دائرہ کار کو قبائلی علاقوں تک توسیع دینے کے بل 2017ء کو زیر غور لایا جائے، ایوان نے تحریک کی منظوری دے دی، اس کے بعد بل کی شق وار منظوری کا عمل شروع ہوا۔

نعیمہ کشور خان نے کہا کہ یہ بل ایجنڈے میں شامل نہیں تھا، اس کو بلڈوز کیا جارہا ہے، اسپیکر کا کہنا تھا کہ ارکان کی اکثریت نے ایجنڈے کو معطل کرکے بل کو زیر غور لانے کی درخواست کی، بل میں غلطیاں ہیں، ہم اس پر بحث کرنا چاہتے تھے، نعیمہ کشور خان نے بل میں ترمیم پیش کی، وزیر قانون چوہدری محمود بشیر ورک نے اس کی مخالفت کی جبکہ ایوان نے ترمیم مسترد کردی، نعیمہ کشور خان کا کہنا تھا کہ ہم احتجاجاً اپنی ترمیم پیش نہیں کریں گے۔

وزیر قانون چوہدری محمود بشیر ورک نے تحریک پیش کی کہ سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کے دائرہ کار کو وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات تک توسیع دینے کے بل 2017ء کو منظور کیا جائے، قومی اسمبلی نے بل کی کثرت رائے سے منظوری دے دی۔

قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا بل سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے اختیار سماعت میں توسیع کا تھا تاہم بعد ازاں قائمہ کمیٹی نے اس میں ترمیم کردی اور اسے عدالت عالیہ پشاور کردیا گیا۔

اس بل کا مقصد فاٹا کے لوگوں کو ان کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق مرکزی دھارے میں لانے کیلئے عدالت عظمیٰ اور عدالت عالیہ پشاور کے اختیار سماعت کو مذکورہ علاقے تک توسیع دینا ہے، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اراکین نے بل کی منظوری کے دوران ایوان سے احتجاجاً واک آﺅٹ بھی کیا تاہم ان کی جماعت کے وزیر برائے پوسٹل سروسز اور محمد خان شیرانی اجلاس میں شریک رہے۔ اے پی پی

KPK

high court

bill

SCP

Supreme Court Pakistan

apex court

FATA reforms bill

Tabool ads will show in this div