بھارتی اداکارہ کو پیرس کے فلیٹ سے نکال دیا گیا ہے
پیرس : فرانسیسی عدالت نے کرایہ ادا نہ کرنے پر بالی ووڈ اداکارہ ملکہ شراوت اور ان کے شوہر کو اپارٹمنٹ سے بے دخل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فرانس کی عدالت نے بے دخلی کا فیصلہ چودہ دسمبر کو دیا تھا، جب کہ عدالت نے ملکہ شراوت اور ان کے فرانسیسی شوہر کو78 ہزار787 یورو بھی ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی کے مطابق یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ملکہ شراوت نے یکم جنوری 2017 کو 6ہزار 54یورو ماہانہ کرایے پر اپارٹمنٹ لیا تھا۔ ادھر اپارٹمنٹ مالک کا کہنا ہے کہ ملکہ شراوت نے2715 یورو دینے کے علاوہ اب تک کوئی رقم نہیں دی ہے۔
واضح رہے کہ پچھلے ماہ خبریں سامنے آنے پر ملکہ شراوت نے پیرس میں کوئی اپارٹمنٹ لینے کی تردید کی تھی۔ عدالتی حکم سے متعلق جب ملکہ سے بات کرنے اور ان کا مؤقف جاننے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا۔ سماء