پی پی 20 کا معرکہ ن لیگ نے سر کرلیا، پی ٹی آئی کو شکست
چکوال : پی پی 20 چکوال میں ضمنی انتخاب کا معرکہ مسلم لیگ ن کے سلطان حیدر نے سر کرلیا، پاکستان تحریک انصاف کے طارق افضل دوسری پوزیشن پر رہے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تمام 227 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ موصول ہوگیا، مسلم لیگ ن کے امیدوار سلطان حیدر نے 75 ہزار 655 ووٹوں لے کر کامیابی حاصل کرلی انہیں حریف پی ٹی آئی امیدوار پر 29 ہزار 953 ووٹوں کی برتری حاصل ہے، دوسرے نمبر پر حریف پی ٹی آئی امیدوار طارق افضل کو 45 ہزار 702 ووٹ جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار چوہدری ناصر عباس نے 16 ہزار 112 زائد ووٹ ملے۔
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 20 میں ضمنی انتخاب کیلئے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے پولنگ کا عمل جاری رہا، پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنز میں موجود افراد کو ووٹ ڈالنے کی اجازت تھی۔
حلقے میں 227 پولنگ اسٹیشن جبکہ کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 530 تھی، 814 پولنگ بوتھ میں سے 5 کو انتہائی حساس جبکہ 45 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔
پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 20 مسلم لیگ نواز کے لیاقت علی خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، پولنگ کے دوران رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے سیکیورٹی فرائض انجام دیئے۔ سماء