امریکا اور بھارت کے درمیان دفاعی شعبے میں 10 برس تعاون کا معاہدہ
اسٹاف رپورٹ
نئی دہلی : امریکا اور بھارت کے درمیان سول جوہری معاہدے پر اختلافات ختم ہوگئے ہیں، دونوں ملکوں نے آئندہ 10 برس کیلئے دفاعی شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط بھی کردیئے۔
نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو ميں بھارت کی سیکریٹری سجاتا سنگھ کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ سول جوہری معاملے پر معاہدہ ہوگیا، جس کے تحت دونوں ممالک نے اگلے 10 برسوں کیلئے دفاعی شعبے میں تعاون کے مختلف معاہدے کئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی حمایت اور تعاون کے بعد بھارت نيوکليئر سپلائر گروپ ميں شموليت کیلئے بھی پُرعزم ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا بھارت کے جوہری آلات پر ٹریکنگ ڈیوائس کی پابندی سے بھی دستبردار ہوگیا ہے۔
براک اوباما نے یہ فیصلہ بطور صدر حاصل اپنے خصوصی اختیارات کے تحت کیا ہے، جس کے بعد امریکا بھارت کو فراہم کئے جانے والے جوہری ایندھن کی نقل و حمل کی تفصیل سے لاعلم رہے گا، واضح رہے بھارت جوہری مواد پر ٹریکنگ ڈیوائس کو دخل اندازی سمجھتا تھا۔ سماء