رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس بار کس ملک میں سب سے طویل اور کس ملک میں سب سے مختصر روزہ ہوگا۔
دنیا بھر میں رمضان المبارک کا آغاز ہوچکا ہے ، رپورٹ کے مطابق اگر روزے کے طویل دورانیے کی بات کی جائے تو فن لینڈ اس اعتبار سے طویل ترین دورانیے والا ملک ہوگا جہاں روزہ داروں کو 23 گھنٹے 5 منٹ کا روزہ رکھنا ہوگا۔
اس کے بعد سویڈن اور ناروے کا نمبر آتا ہے جب کہ روس میں 20 گھنٹے 45 منٹ کا روزہ ہو گا۔
سب سے مختصر دورانیہ آسٹریلیا میں ہوگا جہاں روزے کا دورانیہ 11 گھنٹے 59 منٹ ہوگا، ارجنٹائن میں 12 گھنٹے 23 منٹ اور چلی میں 12 گھنٹے 41 منٹ کا روزہ ہو گا۔
عرب ممالک میں روزے کا دورانیہ 13 اور 16 گھنٹوں کے درمیان ہو گا۔ مغربی عرب ممالک میں الجزائر اور تیونس میں روزے کا دورانیہ دوسرے عرب ممالک کی نسبت کم ہو گا۔
ان ملکوں میں ماہ صیام کا آغاز 14 گھنٹے 39 منٹ سے ہو گا جب کہ آخری ایام 15 گھنٹے 50 منٹ تک ہو گا۔
کیمرون میں روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے 12 منٹ اور بعض علاقوں میں 12 گھنٹے 59 منٹ ہوگا۔
خلیجی ممالک میں روزے کا دورانیہ نہ تو بہت طویل ہو گا اور نہ ہی کم۔ سعودی عرب میں ماہ صیام کا آغاز 14 گھنٹے کے روزے سے ہوا اور اختتام 14گھنٹے 42 منٹ سے ہوگا۔ ابوظبی میں 14 گھنٹے دو منٹ اور 14 گھنٹے 44 منٹ کے درمیان ہوگا۔
کویت میں 14 گھنٹے 17 منٹ اور 15 گھنٹے 19 منٹ، قطر میں 14 گھنٹے 6 منٹ اور 14 گھنٹے 50 منٹ کے درمیان ہو گا جبکہ پاکستان میں روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے سے زائد رہے گا۔