ماڈل و اداکارہ ایمان علی نے ایک بار پھر اپنے مرض کے حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے ویڈیو جاری پوسٹ کی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ کس طرح طویل عرصے سے اس بیماری سے لڑ رہی ہیں۔
گزشتہ برس اداکارہ ایمان علی نے اپنے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں انکشاف کیا تھا کہ وہ ایک دہائی زائد سے ملٹی پل اسکلیروسز (ایسی بیماری جس میں دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کے حصے سخت ہوکر رسولی، اعصابی کمزوری اور دیگر کمزوریوں کا باعث بنتے ہیں) کا شکار ہیں۔
تاہم اب انہوں نے انسٹاگرام پر اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کردی ہے، ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ وہ سنہ 2006 میں اپنے کیرئیر کے عروج پر تھیں، ہر میگزین کے سرورق پر اُن کی تصویر شائع ہوتی تھی، ایسے میں ہدایت کار شعیب منصور نے انہیں فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی۔
اداکارہ نے بتایا ان ہی دنوں میری طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد کچھ ٹیسٹ ہوئے جن میں ’ملٹی پل اسکلیروسز‘ جیسی جان لیوا بیماری کی تشخیص ہوئی، یہ میری زندگی کا سب سے بڑا چیلنج تھا کیونکہ عام آدمی اس بیماری کے حوالے سے کچھ بھی نہیں جانتا اور نہ ہی اُسے اس کی سنگینی کا اندازہ ہے‘۔
ایمان علی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو علم نہیں کہ اس بیماری کے ساتھ زندگی گزارنا کتنا اذیت ناک ہے، انہوں نے بتایا کہ بیماری کے دوران اسکرپٹ پڑھتے وقت اچانک سب کچھ دھندلا نظر آنے لگتا تھا، آٹھ گھنٹے سونے کے باوجود تھکن دور نہیں ہوتی اور ایک ہی خوف رہتا تھا کہ دن کیسا گزرے گا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ کسی نے میری حوصلہ افزائی نہیں کی اور نہ ہی میری جدوجہد کا اعتراف کیا کیونکہ اس دوران میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری، کام کرتی رہی اور ازدواجی زندگی کا آغاز بھی کیا۔
انہوں نے مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو کسی بھی بیماری کی علامت ظاہر ہو تو اُسے ہرگز نظر انداز نہ کریں بلکہ فوراً نیورو لوجسٹ سے رابطہ کریں، کیونکہ بروقت تشخیص کی وجہ سے آپ زندگی بھر کی معذوری سے بچ سکتے ہیں۔
اداکارہ نے ویڈیو کے ساتھ دو ہیش ٹیگ ’انتظار نہ کرو‘ اور لیٹس بیٹ ایم ایس استعمال کیے۔
یاد رہے کہ فرحان سعید اور عروہ حسین کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ میں ایمان علی فرحان سعید کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں ۔
فلم کا ٹیزر حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے جبکہ یہ فلم عید الفطر پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی ۔