نائجر کے جنوبی شہر میں واقع ایک نجی اسکول میں آگ لگنے کے باعث 25 طالب علم ہلاک ہوگئے۔
ترک ویب سائٹ ٹی آر ٹی کے مطابق مارادی کے گورنر چائیبا آبوباجا کا کہنا ہے کہ اسکول میں آگ لگنے کے نتیجے میں پری اسکول تعلیم حاصل کرنے والے بچے ہلاک ہوئے جن کی عمریں 5 سے 6 سال تھیں۔
آبوباجا کے مطابق واقعے میں 14 طالب علم زخمی بھی ہوئے جن میں سے 5 کی حالت نازک ہے۔ انہوں نے ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی البتہ اسکول کی عمارت کچی اور گھاس پھونس سے بنی ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی۔
واضح رہے کہ دنیا کے غریب ترین ملک نائجر میں اسکولوں کی عمارتیں عام طور پر گھاس پھونس سے بنائی جاتی ہیں۔