سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد بڑھا کر ایک لاکھ اور نمازيوں کی تعداد بھی 60 ہزار کردی ہے۔
سعودی وزارِت حج کے مطابق عمرہ زائرين اور نمازيوں کی تعداد ميں اضافے کے باوجود کرونا پروٹوکول پر سختی سے عمل کرايا جائے گا۔
سعودی عرب کی وزارت حج نے 70 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے عمرہ کی ادائی کی اجازت دے دی ہے تاہم ایسے عمرہ زائرین کے لیے کرونا ویکسین کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔
آب زمزم کی تقسیم کی جانے والی بوتلوں کی تعداد بھی بڑھا کر 25 لاکھ تک کر دیا گیا ہے۔ عمرہ زائرین کے لیے سعودی حکومت کے موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے اپنی رجسٹریشن اور بکنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کی طرف سےجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ دوسرے متعلقہ اداروں کے ساتھ ہم آہنگی کے بعد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی حکام کے نئے فیصلہ کے بعد کرونا وباء کے بعد سے پہلی بار مسجد حرام کی بیرونی صحن میں نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔