ایران نے یوکرین کے مسافر جہاز کو میزائل حملے میں مار گرانے میں ملوث چھ اہلکاروں کو حراست میں لینے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی جبکہ امریکا کو معلومات فراہم کرنے والے ایک جاسوس کو سزائے موت دینے کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے منگل کو میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ہوائی جہاز کو میزائل حملے میں مار گرانے میں ملوث چھ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ جنرل سلیمانی کے بارے میں امریکا کو معلومات فراہم کرنے والے ایک جاسوس کو پھانسی دی جائے گی۔
ایران نے اپریل میں اعلان کیا تھا کہ مسافر جہاز گرانے کے معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اور متعدد دیگر افراد کو ملزم کے طور پر طلب کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز عدالتی ترجمان نے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات ملٹری پراسیکیوٹر کے دفتر کی ایک خصوصی شاخ کو سونپی گئی ہیں جبکہ ابھی متاثرہ 70 خاندانوں نے تک تفتیش کار کو درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
عدالتی ترجمان نے حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت اور تفتیش کے نتائج کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاسداران انقلاب کے ملک سے باہر آپریشنز کے سربراہ جنرل سلیمانی کی نقل و حرکت کے بارے میں امریکا کو معلومات فراہم کرنے والے ایک جاسوس کو بھی عدالت نے سزائے موت سنائی ہے مگر انہوں نے سزا پر عملدرآمد کی تاریخ نہیں بتائی۔