چین میں ایک خاتون نے اسکول کے اندر چاقو کے وار کرکے 14 بچوں کو زخمی کردیا ہے۔ پولیس نے خاتون کر گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ چین کے شہر چونگ کنگ کے ایک کنڈرگارٹن اسکول میں پیش آیا۔ جب بچے صبح 9 بجے کی ایکسر سائز کے بعد کلاس میں آئے تو خاتون نے حملہ کردیا۔
چاقو کے وار سے 14 بچے زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ متعدد بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب حملے میں ملوث 39 سالہ خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ حملے کی وجوہات کا فوی طور پر پتہ نہ چل سکتا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون حملہ آور سے تحقیقات جاری ہیں۔
امریکی اسکولوں اور کالجوں میں اکثر فائرنگ کے واقعات ہوتے ہیں تاہم چین کے اسکولوں میں اس کے برعکس چاقو بردار حملہ آور خبروں کی زینت بن جاتے ہیں۔
قبل رواں برس اپریل میں چینی صوبے شان ژی کے ایک مڈل اسکول میں چاقو سے حملے کے نتیجے میں 9 طالب علم ہلاک ہوگئے تھے۔
علاوہ ازیں 2017 میں بھی ایک کنڈرگارٹن اسکول میں ایک شخص نے چاقو سے حملہ کرکے 11 طالب علموں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔