لندن : انٹرنیٹ کمپنی یاہو نے امریکی حکومت کی درخواست پر اپنے لاکھوں صارفین کے ای میل اکاؤنٹس کا خفیہ طور پر معائنہ کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ یاہو نے اپنے امریکی صارفین کی جاسوسی کی، حکومتی درخواست پر لاکھوں ای میل اکاؤنٹس کا خفیہ معائنہ کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یاہو نے حکومت کی جانب سے ایک مخصوص درخواست پر عمل کرنے کیلئے گزشتہ سال ایک خصوصی سافٹ ویئر بنایا تھا۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یاہو کے 2 سابق ملازمین سمیت 3 ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ای میلز کے معائنے کیلئے نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) یا پھر ایف بی آئی نے درخواست کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سافٹ ویئر کے ذریعے ای میلز میں مخصوص جملوں یا الفاظ پر نظر رکھی گئی تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کس قسم کی معلومات حکام کو فراہم کی گئیں یا دیگر انٹرنیٹ کمپنیوں کو بھی حکومت کی جانب سے ایسی ہی درخواستیں موصول ہوئیں یا نہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یاہو کے اس فیصلے سے بعض ملازمین ناخوش ہیں۔ اے پی پی