اسٹاف رپورٹ
واشنگٹن : امریکا میں وسط مدتی انتخابات آج ہوں گے، اڑتیس ریاستیں کانگریس میں ڈیموکریٹس یا ری پبلیکنز کی قسمت کا فیصلہ کریں گی۔
مڈٹرم انتخابات میں امریکی ایوان نمائندگان کی تمام چار سو پینتیس اور سینیٹ کی سو میں سے چھتیس نشستوں پر پولنگ ہوگی، اب تک کے سروے کے مطابق ری پبلکنز کو انتخابات میں فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
ایسا ہوگیا تو ایوان نمائندگان کے ساتھ سینیٹ میں بھی ری پبلکنز کو اکثریت حاصل ہوجائے گی، اس وقت سو اراکین کے سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی نشستوں کی تعداد پچپن اور ری پبلکنز کے اراکین کی تعداد پینتالیس ہے۔
اڑتیس ریاستوں میں ایوان نمائندگان کے انتخاب کے علاوہ سینتیس گورنر اورچھیالیس ریاستوں کی قانون سازنشستوں کیلئے بھی پولنگ ہوگی۔ ان میں لوزیانہ، میسی سیپی، نیوجرسی اور ورجینیا شامل نہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مشرقی وسطیٰ، یوکرین اور روس کیلئے خارجہ پالیسی کے سبب ڈیموکریٹ کی مقبولیت میں کمی آسکتی ہے۔
ان انتخابات کے ساتھ ہی کئی گورنرز کا چناؤ بھی ہوگا، اگرچہ صدر اوباما کا ان انتخابات سے کوئی تعلق نہیں مگر ہر شخص کی نظر ان ہی پر مرکوز ہے۔ سماء