اسٹاف رپورٹ
احمد آباد : کیا آپ نے اسلامی جمہوریہ اسلام آباد کے بارے میں سنا ہے، آپ ہی نہیں ہم بھی حیران ہوئے یہ سن کر، لیکن بھارتی ریاست گجرات میں اسکول کے بچوں کو ایسے ایک ملک کا نام یاد کرایا جارہا ہے۔
جہالت کہیں یا نفرت، بھارت میں وزارت عظمیٰ کے مضبوط میدوار، گودھرا فسادات میں مسلمانوں کے قتل کے ذمےدار، نریندر مودی کی ریاست گجرات میں پاکستان کا نام ہی بدل کر رکھ دیا گیا۔
آٹھویں جماعت کے طلباء کو انوکھی تعلیم دی جارہی ہے، سکھایا جارہا ہے کہ پڑوسی ملک کا نام، پاکستان نہیں بلکہ اسلامی جمہوریہ اسلام آباد ہے۔
بات یہیں تک محدود نہیں سوشل اسٹڈیز کی کتاب میں یہ بھی لکھا ہوا پایا گیا ہے کہ دوسری جنگ عظیم میں ایٹم بم امریکا نے نہیں بلکہ جاپان نے امریکا پر گرایا تھا۔
غیر ملکی معلومات تو رہنے ہی دیں، اپنے بانی رہنما مہاتما گاندھی کی تاریخ وفات بھی بدل دی گئی، بھارتی میڈیا کے مطابق 59 غلط معلومات کے ساتھ ساتھ، املا کی 100 سے زائد غلطیاں بھی کتاب میں ملی ہیں۔ سماء