این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے پاکستان آنے کے خدشات کے پیش نظراس کو قابو پانے کے لیے ویکسینیشن لازمی کروائیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ یہ ممکن نہیں ہے کہ کرونا کا اومی کرون ویرینٹ پاکستان نہ آئے۔
پیر کو این سی او سی کے اجلاس میں وفاقی وزیراسد عمر اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے شہریوں سے ویکسینیشن لازمی کروانے اور ایس او پیز پر عمل در آمد کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ 5 کروڑ شہریوں کی ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے اور 3 کروڑ لوگ جنہوں نے ویکسین کی ایک خوراک لگائی ہے،وہ فوری طور پردوسری خوراک لگوائیں۔ اسد عمر نے بتایا کہ جنوبی افریقہ میں صرف 12 دن میں کیسز کی شرح 10 گنا بڑھ گئی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آئندہ 2 سے 3 ہفتے اہم ہیں اور نئی قسم اومی کرون سے نمٹبے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ کرونا کے کیسز کے باعث ہیلتھ سسٹم پر پریشر آتا ہے اورخدشہ ہوتا ہے کہ اسپتال میں بستر یا دیگر سہولیات کم نہ پڑجائیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان آنے والی پروازوں کی نگرانی کررہے ہیں۔7 ممالک پر ایئر ٹریفک پر پابندی کے بعد بوسٹر شاٹس کی حکمت عملی بھی کل تک مکمل کر لی جائے گی۔