بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت نے بالی وڈ کو جنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ پہلے اداکارہ کنگنا رناوٹ بالی وڈ میں ’مافیا‘ کو سوشانت کی موت کا قصور وار ٹھہراتی نظر آئیں اور اب معروف گلوکار سونو نگم اور انڈسٹری کے دیگر گلوکاروں اور ایک کمپنی کے مالک کے درمیان تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔
گلوکار سونو نگم نے 18 جون کو سوشانت سنگھ کی موت کے بعد سوشل میڈیا پر ایک وی لاگ جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ شاید آپ بہت جلد میوزک انڈسٹری میں بھی خودکشیوں کے بارے میں سنیں۔
ویڈیو میں سونو نگم نے کسی کا نام لیے بغیر دو میوزک کمپنیوں کے مالکان کو ’مافیا‘ سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ آج سوشانت سنگھ مرا ہے مگر کل کو آپ کسی گلوکار کے بارے میں یا کمپوزر یا گیت کار کے بارے میں سن سکتے ہیں کیوں کہ فلموں سے بڑا مافیا میوزک انڈسٹری میں موجود ہے۔
سونو نگم نے کہا کہ وہ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہوں نے کیریئر کا آغاز جلد کیا اور اس چنگل میں نہیں پھنسے۔ انہوں نے اپنے وی لاگ میں کہا کہ فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ایک گلوکار کے ساتھ کام کرنے کے لیے راضی ہوتے ہیں مگر میوزک کمپنی کہتی ہے کہ وہ اس گلوگار کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔
سونو نگم نے انکشاف کیا تھا کہ میوزک انڈسٹری میں دو کمپنیوں کے ہاتھوں میں طاقت ہے اور وہ فیصلہ کرتے ہیں کہ کون گائے گا اور کون نہیں۔