رمضان پیکج کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو ایک ارب 45 کروڑ روپے موصول ہوگئے۔ماہ مبارک میں عوام کو 19 اشیائے روزمرہ پر پانچ سے 15 فیصد رعایت ملے گی۔ دیگر 1500 اشیا بھی بازار سے کم ریٹ پر ملیں گی۔
رمضان المبارک میں عوام کو مہنگائی کے طوفان سے بچانے کے لیے حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔ رمضان پیکج کے لیے مختص 2 ارب روپے میں سے ایک ارب 45 کروڑ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو موصول ہوگئے ہیں جبکہ باقی 55 کروڑ روپے بھی جلد ملنے کا امکان ہے۔
وزارت صنعت وپیداوار میں رمضان ریلیف پیکج کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں رمضان پیکج کے حوالے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن حکام نے بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر 19 روزمرہ اشیاء پر 5 سے 15 فیصد رعایت دی جارہی ہے۔ان میں مشروبات، آٹا، گھی، تیل، چینی، کھجور، بیسن، مصالحہ جات، چائے، ٹیٹرا پیک ملک، سفید چنے اور دالیں شامل ہیں۔ دیگر 1500 اشیا بھی بازار کی نسبت سستے داموں دستیاب ہوں گی۔
نجی کمپنیوں سے ساڑھے تین ارب روپے کی ادھار خریداری بھی کر لی گئی جبکہ اگلے 2 روز میں مزید ڈیڑھ ارب کی اشیا خریدی جائیں گی۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے حکومتی گارنٹی پر نیشنل بینک سے 5 ارب روپے قرض لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔