یونائیٹیڈ بینک لمیٹیڈ نے امریکی شہر نیویارک میں اپنے آپریشنز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یو بی ایل کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہےکہ نیویارک کے بینکنگ قوانین کے مطابق بینک کے آپریشنز بند کرنے کا فیصلہ رضاکارانہ طور پر کیا گیا ہے اور بینک کے لائسنس کو بھی سرنڈر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ بینک کی نیویارک برانچ کی کمرشل مالیت کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔
یو بی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اس فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امریکی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے رضاکارانہ طور پر برانچ بند کرنے کے اس عمل کے لیے تمام اقدامات پورے کئے جائیں گے اور مکمل قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا جائےگا۔
یوبی ایل ترجمان نے مزید بتایا کہ بینک کے پاس متعدد مستحکم ذرائع ہیں جو صارفین کو امریکی ڈالر کلئیرنگ سروسز فراہم کرتے ہیں۔
سال 2017 میں،نیویارک اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ برائے مالیاتی خدمات نے حبیب بینک کی نیویارک برانچ پر 225 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ حبیب بینک پر الزام تھا کہ اس نے انسداد منی لانڈرنگ قوانین کی پاسداری کو یقینی نہیں بنایا اوربینک53 بار ان قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹہرا۔ یہ پہلی بار ہوا تھا کہ کسی بینک کو امریکا سے باہر نکال دیا گیا ہو۔