پنجاب کے وزیراعلی عثمان بزدار آج پیر کے روز ہیڈ مرالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ منصوبے سے سات اعشاريہ چھ چار ميگاواٹ بجلي نيشنل گرڈ ميں شامل ہوگي۔
پنجاب حکومت کے مطابق سیالکوٹ میں بننے والے اس منصوبے کی تکمیل پر 3ارب 97 کروڑ 23 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ سیکريٹری انرجی پنجاب مرالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیں گے۔
وزارت پانی و بجلی کے مطابق پراجیکٹ سے سالانہ381.64ملین روپے مالیت کی43.37گیگاواٹ بجلی کی پیداوار ہوگي۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس منصوبہ کا سنگ بنیاد اس وقت کے وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے مئی سال 2014 میں رکھا گیا تھا۔ اس منصوبے کو اندازے کے مطابق 30 ماہ کے اندر مکمل کرنا تھا، تاہم یہ منصوبہ تاخیر کا شکار رہا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے اس منصوبے کیلئے ایشین ڈیویلپمنٹ بینک سے قرضہ لیا گیا تھا، جب کہ چین کی کمپنی سینوٹک شیپ جے وی کے صدر گونگ منگ سے پراجیکٹ مکمل کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔
اس منصوبے سے متعلق یہ بھی کہا جاتا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے 93 کروڑ روپے کی ادائیگی کی تاخیر کے باعث منصوبے پر کام کرنے والے 41 ملکی اور غیر ملکی انجینیرز سمیت 300 سے زائد دیگر عملہ کام ادھورا چھوڑ کر چلا گیا تھا، جس کی وجہ سے بھی منصوبہ تعطل کا شکار رہا۔