اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں نمایاں اضافہ کردیا، ڈیزل پر سیلز ٹیکس بڑھ کر چالیس فیصد تک پہنچ گیا۔
ایف بی آر کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر سیلز ٹیکس میں ردوبدل کیا گیا ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس میں چھ اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح تنتیس اعشاریہ پانچ فیصد سے بڑھا کر چالیس فیصد کر دی گئی ہے جو حالیہ مہینوں کے دوران بلند ترین شرح ہے۔ پیٹرول پرسیلز ٹیکس کی شرح میں بھی تین فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
پیٹرول پر سیلز ٹیکس بیس اعشاریہ پانچ فیصد سے بڑھا کر تئیس اعشاریہ پانچ فیصد کر دیا گیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے اورسیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے سے عوام کو چھ ارب روپے اضافی ادا کرنا پڑیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل پر ایک اعشاریہ پانچ فیصد سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔ سماء