Tuesday, May 17, 2022  | 1443  شوّال  16

کرنسی نوٹ کے اجراء کیلئے ایس ایم ایس سروس شروع

SAMAA | - Posted: Jun 10, 2017 | Last Updated: 5 years ago
SAMAA |
Posted: Jun 10, 2017 | Last Updated: 5 years ago

state-bank-of-pakistan-new-currency-e1436751316901

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کے لیے ایس ایم ایس سروس شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بینک دولت پاکستان نے عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کے لیے اپنے ذیلی ادارے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے ذریعے ایس ایم ایس سروس دوبارہ شروع کر دی ہے۔

نئے نوٹ کمرشل بینکوں کی نامزد شاخوں سے دستیاب ہوں گے، جن کو ‘ای برانچز’ کہا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایس بی پی بی ایس سی کے 16 فیلڈ دفاتر سے بھی نئے کرنسی نوٹ حاصل کیے جا سکیں گے۔

عوام کو موبائل ایس ایم ایس سروس کے ذریعے کمرشل بینکوں کی نامزد ‘ای برانچز’ سے نئے نوٹوں کا اجرا 12 جون 2017ء سے شروع ہوگا اور 23 جون 2017ء تک جاری رہے گا۔ ملک کے 120 شہروں میں 1000 ‘ای برانچز’ کے ذریعے یہ خدمت فراہم کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقوں میں یہ سہولت میسر آسکے۔ ایک ایس ایم ایس پر چارجز 1.50 روپے جمع ٹیکس ہوں گے۔

اس سہولت کے تحت نئے نوٹ حاصل کرنے کے خواہش مند فرد کو اپنا 13 ہندسوں والا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر یا اسمارٹ کارڈ نمبر اور مطلوبہ ‘ای برانچ’ کا کوڈ لکھ کر شارٹ کوڈ 8877 پر ایک ایس ایم ایس پیغام بھیجنا ہوگا۔

:مثال کے طور پر

SBP-code

نامزد ‘ای برانچوں’ کے برانچ کوڈ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ، پی بی اے کی ویب سائٹ اور کمرشل بینکوں کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ نامزد ‘ای برانچوں’ کے باہر نمایاں مقام پر آویزاں کی جائے گی۔

بھیجنے والے فرد کو جواب میں ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں اس کا ریڈیمشن کوڈ، ای برانچ کا پتہ اور ریڈیمشن کوڈ کے مؤثر ہونے کی آخری تاریخ لکھی ہوگی۔ ریڈیمشن کوڈ زیادہ سے زیادہ دو ایام کار کے لیے مؤثر ہوگا۔ صارف کو اپنا اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ/ اسمارٹ کارڈ، اس کی فوٹو کاپی اور 8877 سے موصولہ ریڈیمشن کوڈ لے کر متعلقہ ای برانچ جانا ہوگا جہاں سے نئے نوٹ مل جائیں گے۔ واضح رہے کہ نئے نوٹوں کا فی کس کوٹا 10روپے کے تین پیکٹ ہیں جبکہ برانچ میں دستیابی کی صورت میں 50 روپے اور 100 روپے کے نوٹوں کا بھی ایک ایک پیکٹ مل سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایک شناختی کارڈ/اسمارٹ کارڈ نمبر اور موبائل فون نمبر صرف ایک مرتبہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کسی مختلف موبائل فون نمبر سے وہی سی این آئی سی/ اسمارٹ کارڈ نمبر، یا اسی موبائل فون نمبر سے کوئی اور سی این آئی سی/ اسمارٹ کارڈ نمبر بھیجا گیا تو کوئی ٹرانزیکشن کوڈ جاری نہیں کیا جائے گا۔ عوام کو معلومات /شکایات کی صورت میں مدد دینے کے لیے ایس بی پی بی ایس سی نے ایک ہیلپ ڈیسک یو اے این 111-008- 877 (021) پر قائم کی ہے جو صرف دفتری اوقات کے دوران ہی دستیاب ہوگی۔ سماء

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube