اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : گزشتہ چار ہفتوں سے جاری سیاسی عدم استحکام سے ملک کو کھربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے، معیشت کو پہنچنے والے ناقابل تلافی نقصانات کیلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
ملک میں جاری سیاسی ہلچل اور اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے باعث ملکی معیشت پر برے اثرات پڑ رہے ہیں، ملک کی سب سے بڑی اسٹاک مارکیٹ، کراچی اسٹاک ایکسچینج میں 1600 پوائنٹس کی کمی ہوئی،جس سے 400 ارب روپے کا سرمایہ ڈوب چکا ہے۔
سیاسی عدم استحکام سے ملکی برآمدات تو متاثر ہوئی ہی ہیں' وہیں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی نے بھی ملکی قرضوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے ماہرین صورتحال کو ملکی نقصان قرار دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق سڑکیں بلا ک کرنے کے لئے کنٹینرز روکنے سے ملکی برآمدات پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں' دوسری جانب غیر ملکی صدور اور وزرائے اعظم کے دورے منسوخ ہوئے ۔ اسلام آباد میں مسلسل دھرنوں سے جڑواں شہروں کے تاجروں کے نقصانات بھی 50 ارب روپے سے بڑھ چکے ہیں' تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت اس مسئلے کا فوری حل نکالے ۔
ماہرین کے مطابق گزشتہ برس سے معیشت میں آئی بہتری کے اثرات عوام تک تو نہیں پہنچ پائے تاہم اگر یہی صورت حال برقرار رہی تو اقتصادی میدان میں جو کامیابیاں ملی ہیں وہ بھی ضائع ہو جائیں گی۔ سماء